سعودی ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن نے کہاہے کہ ہدایات عازمین کو اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ وہ اپنے ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی سعودیہ میں قیام پذیر رہیں ۔عرب نیوز کے مطابق عازمین کو مکہ ،مدینہ اور جدہ کے علاوہ کسی اور جگہ جانے کی بھی اجازت نہیں ہوتی اور نہ ہی وہ اس دوران وہاں پر کوئی کام کر سکتے ہیں ۔سعودی ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن نے عازمین حج کیلئے کام کرنے والی کمپنیوں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ کسی بھی عازمین کی واپسی میں تاخیر کی معلومات نہ چھپائیں اگر
ایسا کرتے ہوئے کوئی پکڑا گیا تو اسے ایک لاکھ سعودی ریال جرمانہ کیا جائے گا اور اس کا یہ جرمانہ خلاف ورزیوں کے ساتھ بڑھتا جائے گا۔
سعودی حکومت کی جانب سے کہاگیاہے کہ شہری اور رہائش پذیر سیکیورٹی ایجنسیز کے ساتھ تعاون کریں ،اس کے ساتھ ساتھ تمام ٹرانسپورٹرز کو بھی مطلع کیا گیاہے کہ وہ عازمین حج کو مکہ ،جدہ اور مدینہ کی حدود سے باہر نہ لے کر جائیں ،حکومت کی جانب سے رہائش فراہم کرنے والوں کو بھی تنبیہ جاری کی گئی ہے کہ جن افراد کا ویزا ختم ہو گیا ہے انہیں چھپانے کی کوشش نہ کریں ورنہ ان کیخلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی ۔